
جے پور(آئی این ایس انڈیا)راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے اتوار کو یہاں سوائے مان سنگھ اسٹیڈیم میں یوم آزادی کے موقع پر ریاستی سطح کے ایک تقریب میں پرچم لہرا کر پریڈ کی سلامی لی۔ تقریب کے بعدانہوں نے مرکزی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ غرور کی سیاست زیادہ دیر نہیں چلتی اور وقت آنے پر عوام سبق سکھائیں گے۔صحافیوں سے بات چیت کے دوران اشوک گہلوت نے مرکز پر الزام عائدکیاہے کہ عدلیہ، انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ، سینٹرل بیوروآف انویسٹی گیشن (سی بی آئی)، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) پر دباؤ ہے اور سیاسی مقاصد پورے کرنے کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہاہے کہ ایسے گھمنڈمیں مت رہو۔ لوگ سب کچھ سمجھتے ہیں۔ گھمنڈ سیاست میں کسی کا نہیں ہوتا۔ لوگ بہت ذہین ہوتے ہیں۔ وقت آنے پر ملک کے لوگ سبق سکھائیں گے۔چیف منسٹر نے کہا ہے کہ یہ ملک اس طرح نہیں رہا ہے۔ 74 سال کے عرصے میں دووزرائے اعظم شہیدہوئے۔ سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی شہید ہوئیں، لیکن خالصتان نہیں بننے دیا۔ راجیو گاندھی کو شہید کیا گیا۔اشوک گہلوت نے کہاہے کہ چاہے وہ ایم ایل اے، ایم پی، وزیر، وزیراعلیٰ، وزیر اعظم ہو یا کوئی بھی،اگر ہم حلف کے مطابق برتاؤ کریں، سلوک کریں، سوچیں، فیصلے کریں تو ملک میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔یہ (مرکز کی حکمران جماعت) وہ لوگ ہیں جنہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ حکومت کریں گے اور کسی کی پرواہ نہیں کریں گے۔ چاہے یہ کورونا مینجمنٹ کا معاملہ ہو، یا ویکسینیشن کا معاملہ، آج پورا ملک غمزدہ ہے۔