ممبئی (آئی این ایس انڈیا) بالی ووڈ میں کورونا کی تباہی رک نہیں رہی ہے۔ ایک کے بعد ایک متعدد لوگ اس کی چپیٹ میں آرہے ہیں۔اتوار کے روز اداکار اکشے کمار کے بعد انڈسٹری کے ایک اور اداکار کورونا مثبت پایا گیا۔ حال ہی میں میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ اداکار گووندا کی کرونا رپورٹ مثبت پائی گئی ہے۔ گووندا نے خود اس خبرکی تصدیق کی ہے۔واضح ہو کہ اداکار گووندا کی عمر 57 سال ہے،اور وہ اپنی فٹنس کا بہت خیال رکھتے ہیں۔ کرونا سے متاثرہ ہونے کی خبر کے بعد داکار نے خود بتایا ہے کہ وہ ضروری طبی مشاورت کر رہے ہیں اور ابھی وہ قرنطینہ میں ہیں۔ انہوں نے اپنے ساتھ رابطے میں آنے والے لوگوں سے بھی کرونا ٹیسٹنگ کی اپیل کی ہے۔گووندا نے بتایا کہ میں خوداحتیاط برت رہا ہوں،اور بچاؤ کے لئے تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کر رہا ہوں، تاہم آج میرا کرونا ٹیسٹ مثبت پایا گیا ہے، مجھے معمولی علامات ہیں،گھر میں موجود دوسرے تمام افراد کی رپورٹ نگیٹیو آئی ہے۔ میری اہلیہ چند ہفتے قبل ہی کرونا سے صحت یاب ہوئی ہے۔