کراچی (آئی این ایس انڈیا) پاکستانی کرکٹ میں ایک بڑی تبدیلی آئی ہے۔ سابق پاکستانی بلے باز یونس خان کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا نیا بیٹنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے جبکہ دوسری جانب سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد کو ٹیم کا اسپن بولنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مشتاق احمد پاکستان کرکٹ کے لئے مینٹرکا کردار بھی نبھائیں گے۔ واضح رہے کہ ان دو سابق عظیم کھلاڑیوں کو دورہ انگلینڈ کے لئے مقرر کیا گیا ہے۔ یعنی دورہ انگلینڈ کے دوران یہ لوگ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہوں گے۔ یونس خان نے پاکستان کے بیٹنگ کوچ بننے پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ مجھے اپنے ملک کے لئے دوبارہ کام کرنے کا موقع ملنا خوشی کی بات ہے۔ خان نے کہا کہ انھیں معلوم ہے کہ دورہ انگلینڈ بہت چیلنجنگ ہونے والا ہے، میں اس چیلنج کو قبول کرتا ہوں۔