نئی دہلی (آئی این ایس انڈیا)احمد آباد میں تیار ہوئے دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم موٹیرا کرکٹ اسٹیڈیم (جو اب نریندرمودی اسٹیڈیم ہوگا)کا افتتاح صدر رام ناتھ کووند نے کیا۔ واضح رہے موٹیرا اسٹیڈیم کا نام اب نریندر مودی کے نام سے جانا جائے گا، وزیر داخلہ امت شاہ نے اس کا اعلان کیا، افتتاحی تقریب میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر کھیل کیرن ریججو اور ریاست کے نائب وزیر اعلی نتن پٹیل بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ اس گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ ہندوستان اور انگلینڈ کے مابین کھیلا جائے گا۔ یہ دنیا کا سب سے بڑا کرکٹ اسٹیڈیم ہے جو احمد آباد میں بنایا گیا ہے، جس میں بیٹھنے کی صلاحیت132000 افراد پر مشتمل ہے۔ اس اسٹیڈیم کا ریونیو ماڈل بھی بنایا گیا ہے تاکہ اس کی دیکھ بھال میں مشکل نہ ہو اور یہ منافع بھی دے سکے۔امیت شاہ نے اس موقع پر کہا کہ نریندر مودی نے گجرات کے وزیر اعلی کے طور پر اس کا خواب دیکھا تھا، جو اب پورا ہوا ہے۔ نیا اسٹیڈیم دنیا کا سب سے بڑا اور ہائی ٹیک اسٹیڈیم کے طور پر تعمیر کیا گیا ہے۔ امیت شاہ نے مزید کہا کہ احمد آباد اسپورٹ سیٹی کے نام سے جانا جائے گا۔موٹیرا کی تاریخ کافی دلچسپ رہی ہے۔ ہندوستان کے عظیم سنیل گواسکر نے بھی اس گراؤنڈ پر ٹیسٹ میں 10000 رنز مکمل کیے۔ اس کے علاوہ موٹیرا کی پچ پر 1987، 1996 اور 2011 آئی سی سی ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کے میچز کا انعقاد کیا گیا ہے۔اس تاریخی میدان پر ہندوستان کی ٹیم ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں تیسرا ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لئے اتری ہے۔ یہ دوسرا ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ ہے جو ہندوستان میں کھیلا جارہا ہے۔