نئی دہلی(آئی این ایس انڈیا)ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔ بطور کپتان کوہلی آج اپنا 60واں میچ کھیل رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے مہندر سنگھ دھونی کے ریکارڈ کی برابری کردی ہے۔ دھونی نے بھی ہندوستانی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے 60 میچوں میں کپتانی کی ہے۔ واضح رہے کہ وہ ہندوستان کے لئے سب سے زیادہ ٹیسٹ میچوں میں کپتان کرنے والے کپتان بھی رہ چکے ہیں۔آج سے ہندوستان اور انگلینڈ کے مابین احمد آباد میں ٹیسٹ سیریز کا چوتھا اور فیصلہ کن میچ کھیلا جارہا ہے۔ فیصلہ کن اس لیے کیونکہ میچ جیتنے کے بعد ہندوستان ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں داخل ہوجائے گا۔ کوہلی کی کپتانی میں ہندوستان نے اب تک 59 میچوں میں سے 35 میں کامیابی حاصل کی، 14 میچ ہارے اور 10 میچ ڈرا ہوئے۔ اسی دوران مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں ہندوستان نے 60 میں سے 27 میچوں میں کامیابی حاصل کی، جبکہ 18 میں شکست اور 15 میچ ڈرا ہوئے۔اگر کوہلی موٹیرا ٹیسٹ میں سنچری اسکور کرتے ہیں تو وہ ایک کپتان کے ذریعہ سب سے زیادہ سنچری اسکور کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیں گے۔ یہ ریکارڈ اس وقت آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ کے نام ہے۔ جبکہ کپتان کوہلی کے نام 41 سنچریاں ہیں۔ یہ کوہلی کی 42 ویں سنچری ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی یہ ٹیسٹ میں کوہلی کی 28 ویں سنچری بھی ہوگی۔ کوہلی نے آخری بار نومبر 2019 کے مہینے میں کولکاتہ کے ایڈن گارڈن میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گئے ڈے نائٹ ٹیسٹ میں سنچری بنائی تھی۔ اس کے بعد سے کوہلی اب تک 11 اننگز میں سنچری نہیں بنا سکے ہیں۔