نئی دہلی (آئی این ایس انڈیا)دہلی کیپٹل کے اوپنر شیکھر دھون کا کہنا ہے کہ ان کے اوپننگ پارٹنر پرتھوی شا کے اتنی آسانی سے بیٹنگ کرتے ہوئے دیکھ کر اچھا محسوس ہوتا ہے۔ شا نے دہلی کے لئے آئی پی ایل 2021 کے پہلے میچ میں چنی سپر کنگز کے خلاف عمدہ بیٹنگ کی اور دھون کے ساتھ پہلی وکٹ کے لئے 138 رنز کی شراکت کی۔ دھون نے کہا کہ شا کو اتنی آسانی سے بیٹنگ کرتے ہوئے دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے۔ وہ پہلے ہی خراب مرحلے سے گزرے تھے لیکن وہ چمپئن کی طرح واپس آئے۔شا نے چنئی کے خلاف 38 گیندوں پر 72 رنز بنائے اور دہلی کو سات وکٹوں سے جیتنے میں اہم کردار ادا کیا۔ شا خراب فارم کی وجہ سے ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم میں جگہ نہیں بناسکے۔ انہوں نے اس سال وجے ہزارے ٹرافی میں 827 رنز بنائے تھے، جس میں ڈبل سنچریاں بھی شامل ہیں۔چنئی کے خلاف میچ میں 52 گیندوں پر 85 رنز بنانے والے دھون نے کہا کہ شا نے وجے ہزارے ٹرافی میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور سنچری اور ڈبل سنچری اسکور کی۔ انہوں نے آئی پی ایل میں بھی اسی فارم کو برقرار رکھا۔ مجھے ان کے کھیل کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ دھون نے رشبھ پنت کی کپتانی کی بھی تعریف کی جنہیں اس سال شریس ایئر کی جگہ ٹیم کا نیا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔