احمدآباد (آئی این ایس انڈیا) صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے بدھ کے روز نئے سرے سے تیارکئے گئے موٹیرا کے سردار پٹیل اسٹیڈیم کا افتتاح کیا، جو دنیا کا سب سے بڑا اور جدید ترین کرکٹ اسٹیڈیم ہے، جس میں ایک لاکھ 32 ہزار شائقین بیٹھ سکتے ہیں۔ صدرجمہوریہ نے وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر کھیل کرن رججو سمیت متعدد مہمانوں کی موجودگی میں اسٹیڈیم کا افتتاح کیا۔ دن اور رات کا تیسرا ٹیسٹ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان بدھ سے اور چوتھا ٹیسٹ چار مارچ سے کھیلا جانا ہے۔ کیمپس کے 63 ہیکڑ پر پھیلے اس اسٹیڈیم میں ایک لاکھ 32 ہزار افراد کی صلاحیت موجود ہے اور اس پر 800 کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں۔ اس سے قبل میلبورن کرکٹ گراؤنڈ 90000 کی ناظرین کی گنجائش والا سب سے بڑا اسٹیڈیم تھا۔ پریس انفارمیشن بیورو کے ذریعہ جاری کردہ معلومات میں کہا گیاکہ یہ اولمپک سائز کے 32 فٹ بال اسٹیڈیم کے برابر ہے۔ اس گراؤنڈ کو 2015 میں تزئین و آرائش کے لئے بند کردیا گیا تھا۔ رججو نے افتتاحی موقع پر کہاکہ ہم بچپن میں ہندوستان کے سب سے بڑے اسٹیڈیم کا خواب دیکھتے تھے اور اب یہ خوشی کی بات ہے کہ وزیر کھیل کی حیثیت سے اس کو مکمل ہوتا دیکھ رہاہوں۔