ملک کے لیے آئی پی ایل کو بھی چھوڑ سکتے ہیں مستفیض الرحمن

Mustafizur-Rahma

ڈھاکہ (آئی این ایس انڈیا)گزشتہ سال متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے انڈین پریمیر لیگ یعنی آئی پی ایل 2020 سیزن کے لئے بنگلہ دیش ٹیم کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمن کوکسی نے نہیں خریدا تھا۔ حالانکہ سیزن کے آغاز سے قبل مستفیض الرحمن کو دو ٹیموں کے آفرز موصول ہوئے تھے، لیکن بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے قومی ذمہ داری کی وجہ سے ان کی اجازت نہیں دی۔ بعدازاں مستفیض الرحمن نے اعتراف کیا کہ آئی پی ایل 2020 میں نہ کھیلنے کا انہیں افسوس ہے۔

دوسری جانب مستفیض الرحمن کوراجستھان رائلز نے آئی پی ایل 2021 کی نیلامی میں ایک کروڑ کی بنیادی قیمت پر خریدا، لیکن انہوں نے کہا ہے کہ وہ دوبارہ قومی ڈیوٹی کے لئے آئی پی ایل چھوڑ سکتے ہیں۔ بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمن نے کہا ہے کہ وہ اپنی قومی ٹیم کے لئے کھیلنے کے لئے آئی پی ایل کے 14 ویں سیزن سے دستبرداری کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے ٹیم میں سلیکشن کے لئے دستیاب ہوں گے۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے اپنے بہت سے کھلاڑیوں بشمول مستفیض الرحمن اور آل راؤنڈر شکیب الحسن کو آئی پی ایل میں شرکت کی منظوری دے دی ہے۔ اس دوران بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمن کا کہنا ہے کہ میں وہ کام کروں گا جو بی سی بی مجھ سے کہے گا۔ اگر وہ مجھے ٹیسٹ ٹیم میں رکھتے ہیں تو (سری لنکا کے دورے کے لئے) میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلوں گا۔ اگر وہ مجھے ٹیسٹ ٹیم میں شامل نہیں کرتے ہیں، ایسی صورت میں آئی پی ایل کے لئے تیار ہوں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اپنے ملک کے لئے کھیلنا میری اولین ترجیح ہے اور اگر مجھے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے ٹیم میں منتخب کیا گیا تو میں یقینی طور پر قومی ٹیم کے لئے کھیلوں گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.