ممبئی (آئی این ایس انڈیا):نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ انہیں وراٹ کوہلی کے ساتھ کھیل کھیلنے کا موقع ملا اور انہوں نے کہا کہ وہ اپنے بچپن کے دنوں سے ہی ہندوستانی کپتان کے کرکٹ سفر سے وابستہ ہیں۔ ولیمسن اور کوہلی دونوں ملائشیا میں 2008 کے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کا حصہ تھے جس میں ہندوستان نے یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔ اب ان دونوں کو اس کھیل کا عظیم بلے باز سمجھا جاتا ہے۔ ولیمسن نے کہاکہ ہم خوش قسمت ہیں کہ ایک دوسرے کے خلاف کھیلنے کا موقع ملا۔ در حقیقت یہ کوہلی کی زیرقیادت ہندوستانی ٹیم تھی جس نے 2008 کے انڈر 19 ورلڈ کپ میں سیمی فائنل میں ولیمسن کی زیرقیادت نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی۔ رویندر جڈیجہ، ٹرینٹ بولٹ اور ٹم ساؤتھی نے بھی اس ورلڈ کپ میں حصہ لیا تھا۔ ولیمسن نے کہاکہ یہ دلچسپ بات ہے کہ ہم ایک طویل عرصے سے ایک دوسرے کے خلاف کھیل رہے ہیں۔ لیکن اصل میں گزشتہ کچھ سالوں سے ہم کھیل کے بارے میں اپنے خیالات شیئر کررہے ہیں۔ کچھ معاملات میں ہمارے خیالات یکساں ہیں۔