نئی دہلی (آئی این ایس انڈیا) ویسٹ انڈین کے فاسٹ با لر مائیکل ہولڈنگ کا خیال ہے کہ جب تک معاشرہ نسل پرستی کے خلاف متحد نہیں ہوگا، کھیلوں میں اس کے خلاف قانون زخم پر محض پلاسٹر لگانے جیسے رہیں گے۔ افریقی نژاد امریکی جارج فلائیڈ کی ہلاکت کے بعد دنیا بھر میں نسل پرستی کے خلاف جاری مہم پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ہولڈنگ نے کہا کہ صرف سخت قوانین سے کھیلوں میں نسل پرستی کو ختم نہیں کیا جاسکتا ہے۔ویسٹ انڈیز کی طرف سے 1975 سے 1987 تک 60 ٹیسٹ میں 249 وکٹیں حاصل کرنے والے ہولڈنگ کہاکہ آپ کو ہر جگہ نسل پرستی دیکھنے کو ملے گی،کرکٹ کے میدان، فٹ بال کے میدان میں لوگ اس کا استعمال کریں گے۔ آپ نسل پرستی کو صرف کھیلوں کے ذریعے ختم نہیں کرسکتے، آپ کو معاشرے سے اسے ختم کرنا ہوگا۔