نئی دہلی(آئی این ایس انڈیا)آئی پی ایل کے رواں سیزن میں انگلینڈ کے وکٹ کیپر اور راجستھان رائلز کے اسٹار بلے باز جوس بٹلر نے سابق ہندوستانی کپتان ایم ایس دھونی کے بارے میں بڑا بیان دیا ہے۔ بٹلرنے انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئی پی ایل میں وکٹ کیپرکپتانوں کی اس مشق کا سہرادھونی کے سرجاتا ہے۔ وہ ایک عظیم کپتان رہے ہیں اور بہت سے ایسے کھلاڑی ہیں جوان کی کامیابی کو دہرانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاہے کہ وکٹ کے پیچھے سے کپتانی ایک اضافی فائدہ دیتی ہے اور انھیں سیمسن کی قیادت میں رائلز کی جانب سے رواں سیزن میں عمدہ کارکردگی پراعتماد ہے۔
انہوں نے کہاہے کہ وکٹ کیپر وکٹ کی پشت پر گہری نظر رکھ سکتا ہے اور اس سے فیصلہ کرناآسان ہوجاتا ہے۔ اس سیزن میں ہمارے پاس بہت متنوع ٹیم ہے، جس میں بین اسٹوکس اور کرس مورس جیسے آل راؤنڈرز اور نئے کپتان شامل ہیں۔ سنجو ایک طویل عرصے سے رائلز کا حصہ رہے ہیں اور بہت سنجیدہ اورپرسکون شخص ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ ان کی کپتانی میں ہم اپنے کھیل سے لطف اندوز ہوتے ہوئے اچھی کارکردگی کامظاہرہ کریں گے۔انگلینڈکے لیے 50 ٹیسٹ، 148 ون ڈے اور 79 ٹی 20 میچ کھیل چکے بٹلرنے کہاہے کہ اسٹوکس اس سیزن میں ہماری ٹیم کے لیے ایکس فیکٹر ثابت ہوں گے۔ نیزسری لنکا کے بلے باز کمار سنگاکارا کو بطور ڈائریکٹر کرکٹ کی حیثیت سے رائلز میں شامل ہونے سے بہت فائدہ ہوگا۔ بٹلر نے کہا ہے کہ وہ ان عظیم کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جن کا انٹرنیشنل کرکٹ اور آئی پی ایل میں بہت تجربہ ہے۔ وہ جانتے ہیں کہ ان سے کیا توقع رکھنا ہے اور ٹیم کو ان کی موجودگی سے بہت فائدہ ہوگا۔ باقاعدہ کپتان ایان مورگن کی غیر موجودگی میں ہندوستان کے خلاف سیریز کے کچھ میچوں کی کپتانی کرنے والے بٹلرنے اس کو سبق قرار دیا۔