بیونس آئرس(آئی این ایس انڈیا)ہرمنپریت سنگھ اور گول کیپر پی آر سریجش کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ہندوستان کی مردوں کی ہاکی ٹیم نے یہاں ایف آئی ایچ پرو لیگ کے سنسنی خیز پہلے میچ میں اولمپک چیمپئن ارجنٹائن کو ایک شوٹ آؤٹ میں شکست دے دی۔دو مساوی ٹیموں کے مابین میچ میں ہندوستان کے ہرمنپریت نے 21 ویں منٹ میں پنلٹی کارنر دے کر گول کی برتری دلائی لیکن مارٹن فریرو نے 28 ویں اور 30ویں منٹ میں دو گول کرکے میزبان کو 2-1 سے برتری دلا دی۔اس کے بعد ارجنٹائن کی ٹیم نے میچ کے آخری لمحات تک اپنی برتری برقرار رکھی۔ تاہم جب ہندوستان کی شکست تقریباََ یقینی معلوم ہوئی تو منپریت نے 60 ویں منٹ میں پنلٹی کارنر پر ایک اور گول کرکے بھارت کو 2-2 سے برابری دلا دی۔اس سے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ حاصل ہوا۔ اس کے بعد بھارت نے شوٹ آؤٹ میں گول کیپر سریجیش کی عمدہ کارکردگی کی بدولت بونس پوائنٹس حاصل کیے۔بھارت ایک سال سے زیادہ میں اپنا پہلا پرو لیگ میچ کھیل رہا تھا۔میچ کے بعد ہرمنپریت نے کہا ہے کہ میرے خیال میں سب سے اہم بات یہ تھی کہ ہم نے کبھی ہار نہیں مانی۔ہم آخری لمحے تک چیلنج کررہے تھے اور یہی وجہ ہے کہ ہم اس نتیجے کوحاصل کرنے میں کامیاب رہے۔