ہندوستان -انگلینڈ ٹیسٹ: ہندوستان کا سیریز پرقبضہ،عالمی ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں بنائی جگہ

PHOTO @ ICC twitter handle

ہندوستان نے آخری ٹیسٹ میں انگلینڈ کو اننگز اور 25 رنز سے شکست دی ،سیریز 3-1 سے اپنے نام کی
احمدآباد (آئی این ایس انڈیا)احمدآباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں ہندوستان نے انگلینڈ کو اننگز اور 25 رنز سے شکست دے دی ہے۔ اس فتح کے ساتھ ہی ہندوستان نے ٹیسٹ میچوں کی سیریز 3-1 سے جیت لی اور ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔ ہندوستان کی فتح کے ہیرو اشون اور اکچھرپٹیل تھے جنہوں نے دوسری اننگز میں 5-5 وکٹیں حاصل کیں۔انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 205 رنز ہی بنا سکی۔ ہندوستان نے پہلی اننگز میں 365 رنز بنائے جس سے اس کو160 رنز کی برتری حاصل ہوئی، لیکن انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں 54.5 اوورز میں صرف 135 رن ہی بنا سکی اور اننگز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔انگلینڈ کی جانب سے ڈینیئل لارنس نے 50 اورکپتان جو روٹ نے تین چوکوں کی مدد سے 30 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ اولی پوپ نے 15 اور بین فاکس نے 13 رنز بنائے۔اس فتح کے ساتھ ہی ہندوستان ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گیا ہے جہاں ان کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا۔ فائنل میچ رواں سال 18 سے 22 جون تک انگلینڈ کے لارڈز گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ اس سیریز کا پہلا ٹیسٹ چنئی میں کھیلا گیا تھا، جس میں انگلینڈ نے امیابی حاصل کی تھی لیکن ہندوستان نے چنئی میں ہی کھیلی جانے والا دوسرا ٹیسٹ میچ جیت کر برابر کردیا۔ اس کے بعد ہندوستان نے احمد آباد کا رخ کیا اور ڈے نائٹ ٹیسٹ میں انگلینڈ کو شکست دے کر 2-1 کی برتری حاصل کرلی۔ اب ہندوستان نے ایک اور فتح کے ساتھ سیریز جیت لی اور ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں اپنی جگہ کی محفوظ کرلی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.