ہندوستان-انگلینڈ ٹی 20سیریز:پہلا میچ 12مارچ کو احمدآباد میں کھیلا جائے گا

ind-vs-eng

نئی دہلی(آئی این ایس انڈیا)ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد اب ہندوستانی ٹیم انگلینڈ کے خلاف 5 ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کو دیکھیں تو یہ سیریز دونوں ٹیموں کے لئے بہت اہم ثابت ہونے والی ہے۔ اس ٹی 20 سیریز میں ہندوستانی ٹیم ان کھلاڑیوں کو آزمانا چاہے گی جنہیں ٹی 20 ورلڈ کی ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ ایسی صورتحال میں انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز سوریہ کمار یادو، واشنگٹن سندر اور ایشان کشن جیسے کھلاڑیوں کے لئے بہت اہم ہے۔ ٹی 20 سیریز کے تمام میچز نریندر مودی اسٹیڈیم احمد آباد میں کھیلے جائیں گے۔ ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ 12 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ جبکہ دوسرا میچ 14 مارچ کو کھیلا جائے گا۔سیریز کا تیسرا میچ 16 مارچ، چوتھا 18 مارچ اور آخری میچ 20 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ ٹی ٹونٹی سیریز کے تمام میچ ڈے نائٹ ہوں گے۔ تمام میچ ہندوستان کے وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہوں گے۔

ہندوستانی ٹیم ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب رہی، لیکن ٹی ٹونٹی سیریز میں کہانی بالکل مختلف ہوگی۔انگلینڈ کی ٹیم ٹی 20 سیریز کے لئے مکمل طور پر بدلی ہوئی ہے۔ ایون مورگن کی کپتانی میں انگلش ٹیم ٹی 20 میں ہندوستانی ٹیم کے خلاف مقابلہ کرے گی۔ ٹی 20 میں دونوں ٹیموں کے مابین 14 میچ ہوچکے ہیں جن میں سے ہندوستان نے 7 اور انگلینڈ نے 7 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔آخری 5 ٹی ٹونٹی میچوں میں ہندوستانی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 4 میچ جیتے۔ دونوں ٹیموں کے مابین آخری ٹی 20 میچ 8 جولائی 2018 کو ہوا تھا، جس میں ہندوستانی ٹیم نے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس میچ میں روہت شرما نے شاندار 100 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ شائقین ایک بار پھر ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ہٹ مین کی جانب سے طوفانی بلے بازی کی توقع کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.