دبئی (آئی این ایس انڈیا)تازہ ترین آئی سی سی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں وراٹ کوہلی کی زیرقیادت ہندوستانی کرکٹ ٹیم دوسرے نمبر پر آگئی ہے۔ جبکہ ٹیم انڈیا ٹیسٹ رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہے، یہ ٹیم ون ڈے رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر موجود ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف 5 میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز میں آسٹریلیا کو 2-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اس کے بعد آرون فنچ کی کنگاروٹیم درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر آگئی ہے اور ہندوستان سے صرف ایک پوائنٹ پیچھے ہے۔ ٹیم کی درجہ بندی میں انگلینڈ پہلے نمبر پر ہے اور ہندوستان سے اس کے سات پوائنٹس زیادہ ہیں۔ہندوستانی ٹیم کو اب 12 مارچ سے انگلینڈ کے خلاف 5 میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز کھیلنی ہے اور ٹیم انڈیا اس خلا کو پر کرنے میں کامیاب ہونے کی کوشش کرے گی۔ ٹی ٹونٹی میں بیٹسمینوں کی درجہ بندی کے بارے میں بات کریں تو ایرون فنچ دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں فنچ نے عمدہ بیٹنگ کی۔ فنچ نے اس عمدہ بلے بازی کی وجہ سے دو مقام حاصل کیا اور وہ دوسرے نمبر پر آگئے۔ اسی دوران ہندوستانی بلے باز کے ایل راہل ایک مقام کے نقصان کے ساتھ تیسرے نمبر پر کھسک گئے، جبکہ وراٹ کوہلی چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔ انگلینڈ کے کپتان ایون مورگن بھی دسویں پوزیشن پر براجمان ہیں، جبکہ نیوزی لینڈ کے اوپنر مارٹن گپٹل کو آسٹریلیائی کے خلاف اچھی بیٹنگ کا فائدہ ہواہے اور وہ تین مقام کے فائدے سے ٹاپ ٹین میں پہنچ چکے ہیں اور آٹھویں نمبر پر ہیں۔ گیندبازوں اور آل راؤنڈروں کی درجہ بندی میں کوئی ہندوستانی کھلاڑی موجود نہیں ہے۔ راشد خان ٹی 20 بولرز کی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر ہیں جبکہ افغانستان کے محمدنبی آل راؤنڈر کی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر ہیں۔