لکھنؤ (آئی این ایس انڈیا):اسپن گیندباز کلدیپ یادو کو لگتا ہے کہ گیند کو چمکانے کے لئے تھوک کے استعمال کی بچپن کی عادت سے چھٹکارا حاصل کرنا آسان نہیں ہے، لیکن ان دنوں پریکٹس میں یہ گیندباز کورونا وائرس سے پیدا ہوئی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنے آپ کو ڈھال رہے ہیں۔انل کمبلے کی سربراہی میں بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی کرکٹ کمیٹی نے حال ہی میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے تھوک کے استعمال پر پابندی کی سفارش کی تھی۔ کسی بھی گیندباز کے لئے ان حالات میں ایڈجسٹ کرنا آسان نہیں ہوگا اور ان میں کلدیپ بھی شامل ہے۔ہندوستان کے لئے چھ ٹیسٹ اور 60 ون ڈے میچ کھیل چکے کلدیپ نے کہاکہ تمام کرکٹ کھلاڑی بچپن سے ہی گیند کو چمکانے کے لئے تھوک کا استعمال کرتے ہیں لیکن اب کورونا وائرس کی وجہ سے ایسا کرنا ممنوع ہے۔ جس سے گیندباز کے لیے کافی مشکل ہوگی کیوں کہ تھوک لگانے کی یہ عادت پرانی نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ فی الحال میں تھوک کے بغیر بولنگ کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ لیکن میں امید کرتا ہوں کہ جب تک کرکٹ اپنی پوری رفتار سے شروع ہوگی، تب تک کورونا وائرس کا انفیکشن ختم ہوچکا ہوگا یا کوئی دوسرا متبادل سامنے آسکتا ہے۔ میں کوشش کر رہا ہوں کہ پریکٹس کے دوران اپنی پرانی عادت کو چھوڑ دوں۔