نئی دہلی یکم اپریل(آئی این ایس انڈیا)یونائیٹڈ مسلم آف انڈیاکے نائب صدر مولانا برہان احمد قاسمی نے اوقاف پراپرٹیز پر انتظامیہ کی گدھ نگاہی کی مذمت کرتے ہوئے بروقت ایکشن میں آنے پر امانت اللہ خاں کی پذیرائی کی۔ انہوں نے کہا کہ مساجد اور قبرستانوں پر پہلے ہی بڑے پیمانے پر گزشتہ حکومتوں اور خودساختہ ملّی قائدین نے قبضہ کر رکھا ہے اور ہنوز گدھ نگاہی کا یہ سلسلہ دراز کرتے ہوئے ایک بار پھر لال مسجد، لودھی روڈ، نئی دہلی کو مسمار کرنے اور قبضہ کرنے کی ناپاک کوشش کی جارہی ہے جو یقینا قابل مذمت ہے۔ مولانا برہان احمد قاسمی نے اس امر پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے وقف بورڈ کے چیئرمین جناب امانت اللہ خاں کے بروقت ایکشن میں آنے پر ان کی پذیرائی کی اور کہا کہ عموماً قومی ملّی مسائل پر وہ نہ صرف کھل کر بحث کرتے ہیں بلکہ میدان میں اُتر بھی آتے ہیں۔ لہٰذا آج ایسے ہی مضبوط لیڈروں کی قوم و ملت کو ضرورت ہے اور ہر قومی و ملّی لیڈر کو ان کے نقش قدم پرچلناچاہیے۔مولانا نے یہ بھی کہاہے کہ اس وقت عموماً ہر سیاسی پارٹی آرایس ایس کے زیراثر آچکی ہے، یہ ان کے قول و عمل سے ثابت ہورہا ہے اور ہم اس روِش کی پُرزور مذمت کرتے ہیں اور اسی کے ساتھ ہر سیاسی جماعت سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ ملک وقوم کے حق میں ہی کام کرنا لازم قرار دے۔