
’جب سرکار خالصتانی اور پاکستانی کہے تو فصل کی کاشت سے کیا فائدہ
شاملی/میرٹھ (آئی این ایس انڈیا) زرعی بل واپس لینے کے مطالبہ پر ملک میں احتجاج ہورہا ہے۔ ایک طرف جہاں بھارتی کسان یونین کی سربراہی میں دہلی بارڈر پر دھرنا جاری ہے،تو وہیں شاملی کے قصبہ ایلم کے کسانوں نے زرعی بل واپس نہ لینے پر برہم ہوکر 5 بیگھے میں کھڑی گندم کی فصل ضائع کردیا۔ کسان نے متنبہ کیا کہ اگر زرعی بل جلد واپس نہیں کیا گیا تو ہم گنے کی فصل کو برباد کریں گے۔یہ معاملہ ضلع کے کاندھلہ تھانہ علاقہ کے قصبہ ایلم کا ہے، جہاں ایک کسان نے تیار فصل پر ٹریکٹر چلاکر اسے ضائع کردیا۔ اسی دوران آس پاس کے کسان بھی اسے روکنے آئے لیکن اس نے 5بیگھہ فصل کو برباد کردیا۔کسان دیویندر پوار نے کہا کہ جب حکومت انہیں خالستانی اور پاکستانی سمجھتی ہے تو وہ فصل کی کاشت کرکے کیا کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر حکومت ان کالے قوانین کو واپس نہیں لیتی ہے تو وہ اپنی گنے کی فصل بھی اسی طرح ضائع کردیں گے۔