
نئی دہلی (آئی این ایس انڈیا) دارالحکومت دہلی میں ایک بار پھر کورونا وائرس کے واقعات میں اضافہ ہونا شروع ہوگیا ہے۔ کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات کی وجہ سے دہلی کے بہت سے بڑے نجی اسپتالوں میں آئی سی یو اور وینٹی لیٹر بیڈز کی قلت ہوگئی ہے۔ تاہم دہلی حکومت نے کہا ہے کہ ریاست میں بیڈز کی دستیابی کا جائزہ لے کر اس کا انتظام کیا جائے گا۔آئی سی یو اور وینٹی لیٹر بستروں کی کمی کے بعد دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے کہا ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں بہت سارے آئی سی یو اور وینٹی لیٹر بستر خالی ہیں۔نجی میں دو یا تین اسپتالوں میں قلت ہے۔ لہٰذا بستروں کا انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بستروں کی قلت دہلی میں بڑھتے ہوئے کیسوں اور دیگر ریاستوں سے آنے والے مریضوں کی وجہ سے ہے۔اہم بات یہ ہے کہ گزشتہ روز دہلی میں کورونا انفیکشن کے 1904 نئے کیسزرپورٹ ہوئے، جو گزشتہ ساڑھے تین ماہ کے دوران ایک دن میں رپورٹ ہونے والے سب سے زیادہ کیسزہیں۔ جس کی وجہ سے قومی دارالحکومت میں انفیکشن کی شرح بڑھ کر 2.77 فیصد ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق مزید 6 مریضوں کی ہلاکت کے بعد ہلاک ہونے والوں کی تعداد 11012 ہوگئی ہے۔محکمہ صحت نے بتایا کہ شہر میں اب تک 1904 نئے کیسز کے ساتھ 659619 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 6.40 لاکھ سے زائد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ محکمہ نے کہا ہے کہ یہ گزشتہ سال 13 دسمبر کے بعد سب سے زیادہ کیسز ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 13 دسمبر 2020 کو دہلی میں انفیکشن کے 1984 کیسزرپورٹ ہوئے۔ دارالحکومت میں زیر علاج مریصوں کی تعداد 7545 ہے۔