جے پور (آئی این ایس انڈیا) راجستھان کا بجٹ 24 فروری کو پیش ہوگا،صبح 11 بجے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت اسمبلی میں پیپر لیس بجٹ پیش کریں گے۔اس کو پڑھنے کے لئے ممبران اسمبلی کو ٹیب دیئے جائیں گے۔ ممکنہ طور پر اس بار بجٹ میں سماجی اور طبی شعبوں پرخصوصی توجہ دی جائے گی۔ خیال کیا جاتا ہے کہ میڈیکل میں بجٹ میں اضافہ طے شدہ ہے۔ نوجوانوں کے لئے مختلف محکموں میں تقریباً 15 ہزار نئی اسامیوں کا اعلان بھی کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ ریاست آنگن واڑی کارکنوں کے وظائف میں بھی اضافہ ممکن ہے۔ یہاں ٹیکس میں اضافے کے لئے لگژری ٹیکس اور تمباکو ٹیکس میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
گہلوت نے گذشتہ سال 2 لاکھ 25 ہزار کروڑ کا بجٹ پیش کیا تھا۔ اس بار کرونا کے باوجود 2 لاکھ 40 ہزار کروڑ کا بجٹ پیش کرسکتے ہیں، یعنی تقریبا 15 15 ہزار کروڑ کا بجٹ ہوگا۔ ریئل اسٹیٹ کے شعبے کو راحت دینے کے لئے ڈی ایل سی (ضلعی سطح کی کمیٹی) کی شرحوں میں 10 فیصد کمی کی جاسکتی ہے۔ جے پور میٹرو میں دوسرے مرحلے کے کام کو آگے بڑھانے کے لئے ڈی پی آر بنانے کا اعلان ممکن ہے، جب کہ بس ٹرانسپورٹ کے شعبہ بی جے پی کے دورِ اقتدار میں بند دیہی پبلک ٹرانسپورٹ سروس کو دوبارہ شروع کیا جاسکتا ہے۔ خالی اساتذہ کی بھرتی کا اعلان بھی ہوسکتا ہے۔بجٹ میں میڈیکل کے شعبے پر خصوصی زور دیا جائے گا، اس کے بجٹ میں اضافہ ہونا ہے۔ ہر ضلع میں میڈیکل انفراسٹرکچر کووڈ ٹیسٹ لیب کو مضبوط کئے جانے کا اعلان ہوگا۔اس کے علاوہ اور بھی شعبہ میں خصوصی توجہ دی جاسکتی ہے۔