چنڈی گڑھ(آئی این ایس انڈیا)محکمہ داخلہ پنجاب نے اترپردیش حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ 8 اپریل تک روپ نگر جیل سے مختار انصاری کو تحویل میں لے۔ اترپردیش کے ایڈیشنل چیف سکریٹری (ہوم) کو لکھے گئے خط میں محکمہ داخلہ پنجاب نے انڈرٹرائل قیدی انصاری کی منتقلی کے لیے مناسب انتظامات کرنے کو کہا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ جیل روپ نگر میں قیدی کو 8 اپریل کو یا اس سے پہلے اترپردیش حکومت کے حوالے کیا جائے گا۔اس میں کہا گیا ہے کہ انصاری کو بھی بہت سی بیماریاں ہیں اور روپ نگرجیل سے اترپردیش جیل جانے کا انتظام کرتے وقت اس کا بھی خیال رکھناچاہیے۔ پنجاب حکومت نے 26 مارچ کو سپریم کورٹ کے حکم کا حوالہ دیا ہے جس میں ریاستی حکومت کو اترپردیش کے مؤ سے ایم ایل اے کو دو ہفتوں میں بندہ جیل منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔عدالت عظمیٰ نے اپنا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ انصاری مبینہ طور پر قتل، دھوکہ دہی اور سازش کی مختلف جرائم میں ملوث ہیں۔ ان کے خلاف اترپردیش میں گینگسٹر ایکٹ کے تحت بھی مقدمات درج ہیں۔