پٹنہ(آئی این ایس انڈیا) بہارکے سابق نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادو بہار پولیس کے متنازعہ خط پرپوری طرح ناراض ہیں۔ تیجسوی یادونے سیڑھیاں چڑھ کرپٹنہ میں آر جے ڈی کے دفتر میں بینر لگایاہے۔تیجسوی یادو نے خود آر جے ڈی آفس کے باہر بینر لگایااور اس پوسٹرکے ذریعہ وزیراعلیٰ نتیش کمارسے بہت سارے سوالات پوچھے۔ انہوں نے بہارکے غریبوں اور مزدوروں کے ساتھ بدسلوکی کرنے اور انھیں مجرم قرار دینے پربھی ہورڈنگز لگائیں۔ بینرز لگا کر تیجسوی یادونے تمام کارکنوں سے مطالبہ کیا ہے کہ اس بے رحم حکومت کے خلاف ہر گلی، گاؤں، پنچایت، بلاک اور ضلعی سطح پر اس غیر انسانی خط کے بینرز، پوسٹر اور ہورڈنگ لگائیں اورغریبوں کے بارے میں نتیش کمار اور سشیل مودی کی نفرت انگیز سوچ کواجاگر کریں۔قائدحز ب ا ختلاف تیجسوی یادونے کہاہے کہ بی جے پی غریبوں کی موت کاجشن منا رہی ہے۔ لوگ بھوک اورگولیوں سے مر رہے ہیں۔ جس طرح سے لوگ بے روزگار ہیں اور ایسی صورتحال میں، کل جاری ہونے والے خط کا ہر لفظ سی ایم نتیش کے ضمیر کی پیداوارہے۔ ان کی اوران کی جماعت کے پاس صرف دوکام ہیں۔ ایک کا پیٹھ میں چھرا گھونپنا اور دوسرے کے کندھے پربندوق رکھنا۔