نئی دہلی (آئی این ایس انڈیا): دہلی میں بڑھتے ہوئے کورونا معاملے کے درمیان دہلی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ دہلی کے سرکاری اور نجی اسپتالوں میں صرف دہلی کے مقیم لوگوں کا ہی علاج کیا جائے گا جبکہ سب کا علاج مرکزی حکومت کے اسپتالوں میں کیا جائے گا۔ اروند کیجریوال نے پریس کانفرنس کرنے کے بعد یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے ساتھ ہی دہلی سے باہر تمام لوگوں کے لئے بھی سرحدیں کھول دی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی میں بڑھتے ہوئے معاملے کی وجہ سے فیصلے لئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے لوگ مرکزی حکومت کے اسپتالوں میں علاج کرواسکیں گے۔ اروند کیجریوال کے مطابق جون کے آخر تک دہلی میں 15000 بیڈز کی ضرورت ہوگی، جبکہ ہمارے پاس صرف 10 ہزار بیڈہیں۔ ایسی صورت میں اسپتالوں کو سب کے لیے کھولنا ممکن نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مارچ کے مہینے تک دہلی کے تمام اسپتال پورے ملک کے عوام کے لئے کھلے رہے۔ کسی بھی وقت ہمارے دہلی کے اسپتالوں میں 60 سے 70 فیصد لوگ دہلی کے باہر کے تھے، لیکن کورونا معاملے تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ ایسی صورت میں آپ کی حکومت بیڈ کا انتظام کررہی ہے۔ ایسی صورت میں اگر دہلی کے اسپتال باہر والوں کے لیے کھولے گئے تو دہلی والوں کا کیا ہوگا۔ دہلی کے 90 فیصد لوگوں نے کہا جب تک کورونا ہے دہلی کے اسپتالوں میں صرف دہلی والوں کا ہی علاج ہونا چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ 5 ڈاکٹروں کی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اور اس نے اپنی رپورٹ دی ہے۔ کمیٹی نے کہا ہے کہ دہلی کو جون کے آخر تک 15000 بیڈ کی ضرورت ہوگی۔اروند کیجریوال نے کہا کہ کل سے دہلی میں ریسٹورنٹ، مال مذہبی مقامات کھل رہے ہیں۔ مرکزی حکومت نے جو تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا کہا ہے وہ بہت ضروری ہیں۔ حالانکہ انہوں نے یہ واضح کردیا کہ دہلی میں ہوٹل اور وینک ویٹ ہال نہیں کھلیں گے لیکن انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے کورونا معاملے کے پیش نظر آنے والے وقت میں ہوٹل اور ہال کو اسپتال کے ساتھ منسلک کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزرگوں سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے لیے لاک ڈاؤن ابھی بھی نافذ ہے۔واضح رہے کہ دہلی میں کورونا کے معاملے تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ کووڈ 19 سے متاثرہ افراد کی تعداد 27 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1320 نئے مریض آئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 27654 ہوگئی جبکہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 349 مریض ٹھیک ہوگئے ہیں۔ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 10664 ہے۔ دہلی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کوئی اموات نہیں ہوئیں۔