
اب سی ایم اوکے لیٹر کے بغیر ہی اسپتال میں داخل ہوسکیں گے مریض
لکھنؤ(آئی این ایس انڈیا)اتر پردیش میں کوویڈ مریضوں کی بھرتی کے نئے اصول نافذ کردیئے گئے ہیں، جس کے تحت اب ریاست میں کورونا کے مریض چیف میڈیکل آفیسر (سی ایم او) خط کے بغیر بھی داخل ہوسکیں گے۔ واضح ہو کہ اس سے پہلے کورونا مریض کو کووڈ کنٹرول روم کے ذریعہ ہی اسپتال الاٹ کیا جاتا تھا۔ سی ایم او کی اجازت کے بغیر کہیں بھی کسی مریض کو داخل نہیں کیا جاسکتا تھا۔ ایسی صورتحال میں تیمادار کئی کئی دن تک بھٹکتے رہتے تھے اور انہیں سی ایم او کا خط نہیں مل پاتا تھا اور کئی بار مریض کی موت بھی ہوجاتی تھی۔ اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں عام آدمی کے لئے سی ایم او سے بات کرنا اتنا مشکل ہے کہ یوگی حکومت کی کابینہ کے وزیر برجیش پاٹھک نے چیف سکریٹری کو ایک خط لکھا جس میں شکایت کی گئی ہے کہ سی ایم او اپنا فون نہیں اٹھاتے ہیں۔تاہم حکومت نے اب نئے اصول کے مطابق کچھ نرمی دی ہے۔ نئے قواعد کے مطابق (1) نجی اسپتال سی ایم او کی اجازت کے بغیر کوڈ پازیٹیو رپورٹ والے 90 فیصد مریض بھرتی ہوسکیں گے۔(2) نجی اسپتالوں کو سرکاری کووڈ کنٹرول روم سے ریفر کئے گئے مریضوں کے لئے 10 فیصد بستر رکھنا ہوگا۔(3) سرکاری اسپتالوں اور نجی میڈیکل کالجوں میں 70فیصد بیڈ صرف کووڈ کنٹرول سنٹرسے ہی الاٹ کیے جائیں گے۔(4)) سرکاری اسپتال اور نجی میڈیکل کالج ایمرجنسی کی صورت میں کوویڈ مریضوں میں سے 30 فیصد کو خود ہی بھرتی کرسکتے ہیں۔