وزیر اعظم پر طنز ، کہا، لوگوں کے بقایہ جات کی ادائیگی نہیں ہوئی مگر ہوائی جہاز خریدلیا
میرٹھ (آئی این ایس انڈیا) اتوار کے روز اتر پردیش کے میرٹھ میں کانگریس کے جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کسان مہاپنچایت کا انعقاد کیا۔اس موقع پر پرینکا گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر گنے کے کاشتکاروں کے واجبات کی عدم ادائیگی کے بغیر اپنے لئے ہوائی جہاز خریدنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا گنے کے کاشتکاروں پر 15000 کروڑ روپے واجب الادا ہیں۔ اس میں یوپی کا 10 ہزار کروڑ ہے۔ پرینکا نے عوام سے سوال پوچھا کہ حکومت نے اس رقم سے کیا کیا؟ پھر اس کے جواب میں کہا کہ وزیر اعظم نے دو ہوائی جہاز خریدے ہیں۔ ان پر 16 ہزار کروڑ لاگت آئی ہے۔ آپ کے بقایہ جات کے 15 ہزار کروڑ نہیں مل رہے ہیں،جو حکومت دو ہوائی طیاروں کا متحمل ہوسکتی ہے اس کے پاس آپ کو دینے کے لئے پیسے نہیں۔
پرینکا گاندھی نے کہا کہ یہ میرٹھ کی سرزمین ہے، یہیں سے ہی جدوجہد آزادی کا آغاز ہوا۔ ہمارے ملک کو کسانوں نے آزادی دی تھی، ہزاروں کسان اس تحریک میں شامل ہوئے تھے، بہت لوگ شہید ہوئے۔ برطانوی حکومت کسانوں کو ہراساں کرتی رہی، لیکن کسان بڑی ہمت سے لڑے۔ اسی طرح آج بی جے پی حکومت بھی کسانوں کا استحصال کررہی ہے،مرکزی حکومت کے لائے گئے تین نئے قوانین سے کسان اپنی محنت کی کمائی حاصل نہیں کرسکیں گے۔یہ زرعی قانون بڑے صنعت کاروں کے لئے ذخیرہ اندوزی کی اجازت دے گا۔ایم ایس پی کا وجود ختم ہوجائے گا۔ اگر کروڑوں کا سودے بازی کرنے والا فصل لینے سے انکار کرے تو کسان کیا کرے گا۔ کسان صرف ایس ڈی ایم کے پاس جا سکے گا۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کہتے ہیں کہ یہ قوانین کسان کے لئے وضع کئے گئے ہیں۔ کھرب پتی دوستوں کے لئے نہیں بنایا گیا ہے۔ لیکن میں یہ پوچھنا چاہتی ہوں کہ یہ قانون بنانے سے پہلے کسی کسان سے کیوں نہیں پوچھا گیا؟ کیوں انہیں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ آج 100 دن ہوگئے، لاکھوں کسان دہلی کی سرحدوں پر بیٹھے ہیں۔ اگر کسانو کے مفاد کا قانو ن لایا جاتا، تو لاکھوں لوگ احتجاج میں کیوں بیٹھے ہیں؟ خیال رہے کہ اپوزیشن پارٹیاں تینوں زرعی قوانین کے خلاف کسانوں میں پیدا ہونے والی عدم اطمینان کو مرکز اور ریاست میں بی جے پی حکومت کے خلاف بطور موقع اٹھانا چاہتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ یوپی میں سیاسی مہاپنچایتوں کا دور شروع ہوگیا ہے۔ اسی کڑی میں اتوار کے روز کانگریس کے جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے مغربی یوپی میں پانچویں بار کسان مہاپنچایت سے خطاب کیا۔ یہ مہاپنچایت میرٹھ ضلع کے سردھنہ اسمبلی حلقہ کے کیلی گاؤں میں منعقد ہوئی تھی۔