نئی دہلی (آئی این ایس انڈیا):اتر پردیش کی سابق وزیر اعلی اور بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے مرکزی حکومت کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے، جس کے مطابق ایک سال تک نئی اسکیموں میں رقم خرچ نہیں کی جائے گی۔ صرف پی ایم غریب فلاحی وبہبو د پیکیج اور خود کار ہندوستان ابھیان پیکج پر ہی خرچ کیا جائے گا۔ بی ایس پی سپریمو نے کہا کہ یہ اقدام خوش آئند ہے لیکن اس کے فوائد غریبوں، مزدوروں اور بے روزگاروں کو ملنا چاہئیں جو کہ ابھی تک نہیں ملا۔ مایاوتی نے کہا کہ جب مہاجر مزدورآرہے تھے خاص طور پر اترپردیش حکومت نے اس بات پر زور دیا تھا کہ مہاجر مزدوروں کو ان کی اہلیت کے مطابق رجسٹریشن ہونا چاہیے اور انہوں نے رجسٹرڈ کرایا بھی۔ لیکن اس کے باوجود ہم یہ دیکھ رہے ہیں کہ جو لوگ بڑی بڑی ڈگری لے کر ریاست میں آئے ہیں، آج وہ منریگا کے تحت گڑھا کھود رہے ہیں۔ حکومت کو یہ سوچنا چاہئے کہ جب لوگ بڑی بڑی ڈگری لے کر گڑھا کھودیں گے تو تعلیم پر اس کا کتنا برا اثر پڑے گا۔