نئی دہلی(آئی این ایس انڈیا)دہلی کے نائب وزیراعلیٰ منیش سسودیا نے اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کے منصوبے پرمرکزی وزیربرائے فروغ انسانی وسائل رمیش پوکھریال نشانک کوایک خط لکھا ہے۔منیش سسودیا نے خط میں لکھا ہے کہ کورونا کے ساتھ رہتے ہوئے دنیا میں تعلیم میں بڑی تبدیلیاں آئیں گی۔ اپنی ضرورت کے مطابق اسکولوں کی از سرنوتشکیل کریں۔ ہمیں دوسرے ممالک کے کچھ کرنے کاانتظار نہیں کرنا چاہیے۔ پھرہم اسے کاپی کریں گے۔ ہمیں اپنے بچوں کو ایک بہتر اور زیادہ نگہداشت کا اسکول دیناچاہیے۔کوروناکی وبا پوری انسانیت کے سامنے ایک بحران ہے، لیکن اسکولوں کے کردار پر دوبارہ غور کرنے کابھی موقع ہے۔جرات مندانہ کردارکے لیے اسکولوں کو تیار نہیں کیا تو یہ ہماری تاریخی غلطی ہوگی۔ اسکولوں کا کردار صرف درسی کتب تک ہی محدود نہیں ہوگا بلکہ بچوں کو ذمہ دارانہ زندگی گزارنے کے لیے تیارکرناہے۔ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے، اسکول ان کی ضروریات اور وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے منصوبے بناسکتے ہیں۔ اسکولوں کو ابھی مددکی ضرورت ہوگی۔ بچوں کی طرح، تعلیم کی دنیا سے وابستہ تمام لوگوں اور اسکولوں کو بھی سیکھنے اور ذمہ داربننے کی ضرورت ہے۔