پٹنہ (آئی این ایس انڈیا)بہار میں ڈاکٹروں کی6300 سے زیادہ خالی آسامیوں کو پْر کیا جائے گا۔ وزیر صحت منگل پانڈے نے اسمبلی میں ایک سوال کے جواب کے دوران یہ معلومات دیں۔ انہوں نے کہاہے کہ ریاست کے 1322 ہیلتھ اینڈ ویلینس سینٹر میں ڈاکٹروں کی خالی آسامیوں کو جلد ہی پْر کیا جائے گا۔ اس کے لیے ضروری تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔وزیر صحت منگل پانڈے نے کہاہے کہ بہار میں کل 1322 طبی مراکز تیار کیے گئے ہیں جن میں 331 سب طبی مراکز، 893 اضافی پرائمری طبی مراکزاور 98 شہری بنیادی طبی مراکز شامل ہیں۔ قانون ساز اسمبلی میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہے کہ ان مراکز میں 12 اقسام کے امراض کی عمومی صحت کی خدمات مہیا کی جاتی ہیں۔وزیر صحت نے کہاہے کہ ان خدمات کی پہلی سات قسمیں فی الحال عملی صحت اور تندرستی کے مرکز میں دستیاب ہیں۔ باقی پانچ قسم کی خدمات بھی مرحلہ وار ان مراکز پر مہیا کی جائیں گی۔ اس وقت، 3706 اسپیشلسٹ میڈیکل آفیسرز اور 2632 جنرل میڈیکل آفیسرز یعنی 6338 آسامیاں پرکرنے کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔ ڈاکٹروں کی تقرری کی درخواست جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے توسط سے بہارٹیکنیکل سروسز کمیشن کو بھیجی گئی ہے۔ ناموں کی سفارش کے ساتھ ہی انہیں پوسٹ کیا جائے گا۔