اندور(آئی این ایس انڈیا)بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے جنرل سکریٹری کیلاش وجئے ورگیہ نے الزام لگایا ہے کہ کوویڈ 19 سے پیدا ہونے والے بحران کے دوران مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی ترنمول کانگریس کے زیر اقتدار اس ریاست کے تارکین وطن مزدوروں کے لیے غیر ذمہ دارہیں۔۔ مرکزسے مہاجر مزدوروں کو 10 ہزار روپے دینے کی ممتا کی اپیل پر، وجئے ورگیہ نے سوال کیاہے کہ خود ممتا بنرجی حکومت سرکاری خزانے سے مزدوروں کو مالی امدادکیوں نہیں دے رہی ہیں؟ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ممتابنرجی نے آج مرکزی حکومت سے اپیل کی ہے کہ کوویڈ 19 کے بحران کے پیش نظر تارکین وطن مزدوروں کو 10 ہزار روپے کی امداددی جائے۔ممتابنرجی کے مطالبے پرردعمل ظاہر کرتے ہوئے وجئے ورگیہ نے یہاں صحافیوں کوبتایاہے کہ ممتابنرجی خود وزیراعلیٰ کی حیثیت سے مغربی بنگال میں اقتدارمیں ہیں۔ وہ وہاں اپوزیشن میں نہیں ہیں۔ان کی حکومت تارکین وطن مزدوروں کو اپنے خزانے سے مالی مددکیوں نہیں فراہم کرتی ہے۔کیلاش وجے ورگیہ بی جے پی تنظیم میں مغربی بنگال کے انچارج ہیں۔ انہوں نے الزام لگایاہے کہ بنرجی پورے ملک میں واحد وزیراعلی ہیں جواپنی ہی ریاست کے تارکین وطن مزدوروں کے خلاف غیر ذمہ دارہیں اور انہوں نے ان کی کوئی پرواہ نہیں کی۔ بی جے پی کے جنرل سکریٹری نے کہاہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران مدھیہ پردیش میں پھنسے ہوئے تقریباََ20000 تارکین وطن مزدورپنی آبائی ریاست مغربی بنگال واپس جانا چاہتے تھے۔ وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے بنرجی کو ایک خط لکھ کر درخواست کی تھی کہ ان کی حکومت کومغربی بنگال میں مدھیہ پردیش مہاجرمزدوروں کو ٹرین کے ذریعہ بھیجنے کی اجازت دیں۔ لیکن مغربی بنگال حکومت نے اسے منظورنہیں کیا۔