سی ایم پنارائی موجودہ سیٹ سے ہی لڑیں گے الیکشن
تروننت پورم (آئی این ایس انڈیا)کیرالہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر بھارتیہ کمیونسٹ پارٹی نے اپنے83 امیدواروں کی فہرست جاری کردی ہے۔ وزیراعلیٰ پنارائی وجین کنور ضلع کے دھرم دام میں اپنی موجودہ سٹیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔ جبکہ ان کے کابینہ اور پارٹی کے حلیف کے کے سیلجا مٹنور سے انتخابی میدان میں ہیں۔ جبکہ کے ٹی جلیل تھانور نشست سے الیکشن لڑیں گے۔ایک دن پہلے ہی جنتا دل (سیکولر) نے کیرالہ میں 6 اپریل کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لئے اپنے چار امیدواروں کے نام جاری کیے تھے۔ کیرالہ جے ڈی ایس کے صدر میتھو ٹی تھامس بھی پارٹی امیدواروں میں شامل ہیں۔ وہ تروولا اسمبلی سیٹ سے اپنی قسمت آزمائیں گے۔ تین دیگر امیدواروں میں کوولم سے ڈاکٹر نینا لوہتاداسا نادر، چتور سے کے کرشنن کٹی اور انکامالی سے جوس ٹھیتائل ہیں۔ سابق وزیر اعظم اور جے ڈی ایس کے صدر ایچ ڈی دیو گوڑا نے امیدواروں کے ناموں کی سفارش کرنے والا خط ریاستی صدر تھامس کو ارسال کیا ہے۔کیرالہ کی تمام 140 اسمبلی نشستوں پر ایک ہی مرحلے میں 6 اپریل کو ووٹنگ ہوگی۔ نتائج کا اعلان 2 مئی کو کیا جائے گا۔ 2016 کے اسمبلی انتخابات میں سی پی آئی نے 27 نشستوں پر انتخاب لڑا تھا اور 19 میں کامیابی حاصل کی۔ سی پی آئی ساحلی ریاست میں بائیں بازو کے ڈیموکریٹک فرنٹ (ایل ڈی ایف) کی حکومت کا دوسری سب سے بڑی حلیف پارٹی ہے۔ اس وقت سی پی آئی (ایم) کی زیرقیادت لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ (ایل ڈی ایف) کی حکومت ہے اور پنارائی وجین وزیر اعلی ہیں۔ گذشتہ انتخابات میں ایل ڈی ایف کو 91 اور کانگریس کی زیرقیادت یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف) کو 47 نشستیں ملی تھیں۔ یہاں اکثریت کے لئے 71 سیٹیں درکار ہیں۔