چھپرہ جانے والوں کو کٹیہارلاکر چھوڑدیا گیا:مزدوروں کا الزام
کٹیہار،پٹنہ (آئی این ایس انڈیا) جمعرات کی صبح ایک خصوصی ٹرین میں کیرل سے کٹیہار پہنچنے والے مہاجر مزدوروں نے آبائی گاؤں جانے کا کوئی انتظام نہ ہونے پر اسٹیشن کے احاطے میں ہنگامہ آرائی کی۔ مزدوروں نے سڑک بلاک کرکے ہنگامہ شروع کیا۔ پولیس نے مزدوروں کو سمجھانے کی کوشش کی لیکن وہ راضی نہیں ہوئے، پھرپولیس بھی آپے سے باہر ہوگئی اور بے دریغ لاٹھی چارج کیا۔ لاٹھی چارج میں کئی مزدوروں کو سنگین چوٹیں بھی آئی ہیں۔ مہاجر مزدوروں کا کہنا ہے کہ وہ کیرالا سے لیبر اسپیشل ٹرین پر روانہ ہوئے تھے،انہیں چھپرہ اور جہان آباد جانا تھا،لیکن کٹہار لاکر چھوڑ دیا گیا۔ ٹرین میں کھانے پینے کو کچھ نہیں دیا گیا۔ اسٹیشن پر اترنے کے بعد بھی کوئی پوچھنے والا نہیں تھا۔ جب انہوں نے گھر جانے کے لئے بس سے بات کی تو وہ فی شخص ایک ہزار روپے مانگ رہے تھے۔ ہمارے پاس گھر جانے کے لئے پیسے نہیں ہیں۔ ریلوے انتظامیہ نے اس معاملے پر خاموشی برقرار رکھی ہے۔