پٹنہ (آئی این ایس انڈیا) لاک ڈاؤن کا چوتھا مرحلہ آج یعنی 31 مئی کو ختم ہو رہا ہے۔مرکز نے کورونا وائرس کے پیش نظر ملک میں 30 جون تک لاک ڈاؤن کو بڑھانے کا اعلان کر دیا ہے۔اس کو ان لاک(غیرمقفل)1 کا نام دیا گیا ہے۔یعنی اس وقت کئی چیزوں کی چھوٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس کے بعد اب بہار کے محکمہ داخلہ نے حکم بھی جاری کر دیا ہے۔محکمہ داخلہ کے چیف سکریٹری عامر سبحانی نے کہا کہ بہار حکومت نے بات چیت کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کہ ریاست میں اب لاک ڈاؤن کو ایک ماہ اور جاری رکھا جائے۔تمام محکموں اور علاقائی انتظامیہ کے افسران کو ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں،ساتھ ہی ان پر سختی سے عمل کروانے کو کہا گیا ہے۔ چیف سکریٹری داخلہ نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ ریاستی حکومت کے تمام محکموں اور علاقائی انتظامیہ کے تمام افسران کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وزارت داخلہ کے مناسب حکم اور ہدایات پر سختی سے تعمیل کو یقینی بنائیں۔بتا دیں کہ مرکزی حکومت کی ہدایات میں 8 جون سے لاک ڈاؤن کو مرحلہ وار طریقے سے کھولنے کی بات بھی کہی گئی ہے۔