ممبئی،07/ جون (آئی این ایس انڈیا):ملک بھر میں اب تک 2 لاکھ سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔ کورونا کی وجہ سے 6 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ مہاراشٹر میں کورونا کی سب سے زیادہ تباہی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ اب تک 80 ہزار سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔ کورونا اب عام لوگوں سے آگے بڑھ میڈیکل اسٹاف اور ہیلتھ ورکرس میں تیزی سے پھیل ر ہا ہے۔ کیونکہ یہ لوگ کورونا کے مریضوں سے براہ راست رابطے میں آرہے ہیں۔مہاراشٹر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک پولیس اہلکار کورونا سے متاثر پایا گیا ہے۔ مہاراشٹر میں 2 ہزار سے زائد پولیس اہلکار کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ جس میں سے 33 پولیس اہلکار کورونا کی وجہ سے ہلاک ہوگئے ہیں۔ اب تک 2562 پولیس اہلکار کورونا کی زد میں آچکے ہیں۔ مہاراشٹر کے وزیر داخلہ انیل دیشمکھ نے کہا کہ ریاست میں کورونا وائرس کی وجہ سے اپنی جان سے ہاتھ دھو نے والے ہر پولیس اہلکار کے اہل خانہ کو 65-65 لاکھ روپے بطور معاوضہ دیا جائے گا۔ دیشمکھ کا کہنا ہے کہ انفیکشن کی وجہ سے ہلاک ہونے والے ہر پولیس اہلکار کے کنبہ کے ایک فرد کو بھی سرکاری ملازمت دی جائے گی۔مہاراشٹرا میں اب تک 82968 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ جس میں سے 37390 مریضوں کا علاج کامیاب رہا ہے۔ اسی کے ساتھ ہی کورونا کی وجہ سے 2969 افراد اپنی زندگی گنوا چکے ہیں۔ فی الحال 42609 مریض کورونا سے متاثر ہیں۔