راجستھان روڈ ویز میں 24گھنٹے کیلئے خواتین کیلئے مفت سفر
جے پور (آئی این ایس انڈیا) خواتین کے عالمی دن (8 مارچ) کے دن ہر سال کی طرح اس بار بھی خواتین روڈ ویز بس میں مفت سفری سہولت مہیا کرائی گی۔ ریاستی حکومت نے ریاستی سرحد میں روڈ ویز بسوں میں خواتین کو مفت سفر کا تحفہ دیا ہے۔ اس مفت سفر کا فائدہ اتوار کی رات 12 بجے سے پیر کی صبح 11.59 بجے تک یعنی پیر کی رات تک حاصل کرسکتے ہیں۔ رعایت کے اس فائدہ کے بعد خواتین راجستھان کے کسی بھی شہر یا گاؤں میں روڈ ویز بس میں مفت سفر کرنے کی مجاز ہوں گی۔یہ رعایت جے پور شہر میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ جے سی ٹی ایس ایل بسوں میں بھی دستیاب ہوگی۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ یوم خواتین کے موقع پر یہ سہولیات لڑکیوں اور خواتین کے لئے ہیں۔ ریاست کی حدود میں روڈ ویز بس میں خواتین سے فیس نہیں لی جائے گی۔ یہ سہولت صرف عام اور ایکسپریس بسوں میں ہوگی، سوائے ایئر کنڈیشن بسوں کے۔ انہوں نے بتایا کہ بسوں میں سفر کے دوران کووڈ گائیڈ لائن کو برقرار رکھنا ہے۔ اس دوران، اگر کوئی مسافر ماسک پہنے بغیر آئے گا، تو اسے بس میں سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔خیال رہے کہ 3 ہزار سے زیادہ روڈ ویز بسیں پورے راجستھان میں چلتی ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ اگر خواتین چاہیں تو وہ کل کے سفر کے لئے ٹکٹوں کی پری بک بھی کرسکتی ہیں۔