
لکھنؤ(آئی این ایس انڈیا) یوپی کے لکھیم پور کھیری ضلع میں تین نابالغ سمیت چار لڑکیاں جو مبینہ طور پر اسکول جاتے وقت راستے میں لاپتہ ہو گئی ہیں، ان کا ابھی تک کچھ بھی اتا پتا نہیں ملا ہے۔خیال رہے کہ یہ لڑکیاں منگل لاپتہ ہوئی تھیں اور جس کی خبر پولس کو دی گئی۔ پولس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی، جس میں چاروں لڑکیوں کو اسکول یونیفارم بدلنے کے بعد ایک بلڈنگ سے باہر آتے دیکھا گیا اور پھر وہ سیتاپور جانے والی بس میں سوار ہو گئیں۔
لکھیم پور کھیری کے سینئر پولس سپرنٹنڈنٹ (ایس ایس پی) وجے ڈھل نے بدھ کو کہا کہ انھوں نے فوراً سبھی پولس چوکیوں کو الرٹ کر دیا ہے اور لڑکیوں کی تصویر کو پبلک میں اور مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارموں پر بھی سرکولیٹ کیا ہے۔پولس نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ لڑکیاں خود سے بھاگی ہیں اور ان کا اغوا نہیں کیا گیا ہے۔پولس نے کہا کہ انھیں ٹریک کرنے کے لیے پانچ ٹیموں کو تعینات کیا گیا۔ رپورٹوں کے مطابق لڑکیوں کے اسکول سے وقت پر گھر نہ لوٹنے پر اہل خانہ تشویش میں ہیں۔ گھر والوں نے تلاش کی اور جب کچھ پتہ نہیں چلا تو والدین نے پولس میں شکایت درج کرائی۔ چاروں لڑکیاں لکھیم پور شہر میں ایک ہی اسکول میں پڑھنے والی قریبی دوست اور طالبہ ہیں۔