نئی دہلی (آئی این ایس انڈیا) بدھ کی صبح دہلی کے علاقے ڈیفنس کالونی میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔ معلومات کے مطابق اینڈریوز گنج بس اسٹیشن کے قریب موٹرسائیکل پر سوار شخص نے ایک شخص کو گولی ماردی جو کار میں جارہا تھا۔ واقعہ صبح 9.15 کا ہے۔جنوبی دہلی کے ڈی سی پی اتول ٹھاکر کے مطابق زخمی کی شناخت 45 سالہ بھیم راج کے نام سے ہوئی ہے۔ بھیم راج چراغ دہلی کا رہائشی ہے اور بی ایس ای ایس میں ڈرائیور کی نوکری کرتا ہے۔ بھیم راج کے گلے میں گولی لگی ہے۔ اسے تشویشناک حالت میں ایمس میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں واقعے کی وجہ ذاتی دشمنی معلوم ہوتی ہے۔ ملزمین کی گرفتاری کے لئے متعدد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔دہلی کے بی آر ٹی کوریڈور پر ڈیفنس کالونی پولیس اسٹیشن میں تعینات کانسٹیبل نوین بی آر ٹی کوریڈورسے ڈیفنس کالونی پولیس اسٹیشن کی طرف جارہے تھے، اسی وقت انہوں نے بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکل کے جاتے ہوئے دیکھا۔ نوین نے اس موٹر سائیکل کا پیچھا کرنا شروع کیا۔ بغیر نمبر کی موٹر سائیکل پر 2 افراد تھے۔ دونوں نے فائرنگ شروع کردی۔ اس فائرنگ میں کانسٹیبل نوین کی ٹانگ میں گولی لگی اور وہ زخمی ہوگئے،اس کے بعد بھی نوین اور منیش نے مل کر دونوں موٹر سائیکل سوار کو پکڑ لیا اور ان کے پاس سے پستول اور کارتوس برآمد ہوئے۔ دونوں کی شناخت نویدیپ اور دھرمیندر کے نام سے ہوئی ہے، دونوں سے تفتیش کی جارہی ہے۔ پولیس اس بات کا پتہ لگارہی ہے کہ آیا وہی شخص ہے جو کار سوار پر فائرنگ کرکے فرار ہوا تھا۔