
بھونیشور(آئی این ایس انڈیا)ریاست کے وزیر اعلی نوین پٹنائک نے اڑیشہ کے میوربھنج ضلع کے سیملی پال نیشنل پارک میں لگی خوفناک آگ اور اس سے ہورہے نقصان کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر آفس کے مطابق پٹنائک نے ریاست کے اعلی عہدیداروں سے کہا ہے کہ وہ آگ پر قابو پانے کے لئے ٹھوس اور ضروری اقدامات کریں۔ اس سے قبل بدھ کے روز ریاستی حکومت نے نیشنل پارک میں صورتحال کا جائزہ لینے اور آگ پر قابو پانے کے لئے ایک اعلی سطحی ٹیم بھیجی تھی۔ایک روز قبل ہی مرکزی وزیر برائے ماحولیات، ورجنگلات پرکاش جاوڈیکر نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور جنگلات پر قابو پانے کے لئے کارروائی کا حکم دیا تھا۔ ایک ہفتہ سے جنگلات میں آگ لگی ہے اور اب وہ نئے علاقوں میں پھیل رہی ہے۔اڑیشہ کے وزیرماحولیات و جنگلات بی کے اروکھا نے کہا کہ ریاستی حکومت نے پرنسپل چیف کو سیملی پال جانے کو کہا ہے۔ وزیر نے کہا کہ میں نے پی سی سی ایف (وائلڈ لائف) سے آگ کی وجوہات کومعلوم کرنے، اس پر قابو پانے اور صورتحال کی تحقیقات کرنے کو کہا ہے۔وہ آج رپورٹ پیش کریں گے۔