مہاراشٹر میں نہیں ہوں گے فائنل ایئر کے امتحانات

uddhav-thackeray

نئی دہلی: (آئی این ایس انڈیا) کورونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد ملک میں مسلسل تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ کورونا وائرس کے خطرے کی وجہ سے 1 جون سے 30 جون تک کے لئے ایک بار پھر لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیاگیا ہے۔کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرے کو دیکھتے ہوئے مہاراشٹر حکومت نے فائنل ایئر کے طالب علموں کے امتحانات رد کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔مہاراشٹر کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے بتایا کہ مہاراشٹر میں فائنل ایئر میں پڑھنے والے طلبا کے لئے امتحان منعقد نہیں کئے جائیں گے بلکہ طلبا کو گزشتہ کارکردگی کی بنیاد پر پاس کیا جائے گا۔

مہاراشٹر کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے بتایاکہ میں نے کالج کے فائنل ایئر کے امتحانات کے سلسلے میں وائس چانسلروں سے بات کی۔انہوں نے رضامندی سے کہا کہ موجودہ صورتحال میں امتحانات منعقد نہیں کئے جاسکتے ہیں۔ امتحانات کے لئے لاکھوں طلبا کا ایک ساتھ جمع ہونا خطرناک ہوگا۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ طالب علموں کو تعلیمی سال کے لئے گزشتہ سمسٹر میں ان کی کارکردگی کی بنیاد پر نمبر دئیے جائیں گے۔کیونکہ امتحانات کب منعقد کئے جا سکتے ہیں اس پر ابھی کوئی وضاحت نہیں ہے۔طالب علموں کے مستقبل کو اس کی وجہ سے خطرے میں نہیں ڈالا جا سکتا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر کوئی طالب علم اپنی کارکردگی کو بہتر کرنے کے لئے امتحان میں شامل ہونا چاہتا ہے تو انہیں صورتحال کی بنیاد پر ستمبر، اکتوبر یا نومبر میں امتحان میں شامل ہونے کا موقع دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ مہاراشٹر کے وزیر تعلیم ادے سامنت نے 8 مئی کو اعلان کیا تھا کہ فائنل ایئر کے اسٹوڈنٹس کے علاوہ فرسٹ اور سیکنڈایئر کے اسٹوڈنٹس کو گزشتہ سمسٹر کے نمبروں کی بنیاد پر پاس کیا جائے گا۔فائنل ایئر کے اسٹوڈنٹس کو امتحانات دینے ہوں گے۔ لیکن اب کورونا وائرس کے خطرے کو دیکھتے ہوئے اسٹوڈنٹس کے لئے امتحانات منعقد کرانا ممکن نہیں ہے۔ایسے میں مہاراشٹر حکومت نے فائل ایئر کے اسٹوڈنٹس کو گزشہ کارکردگی کی بنیاد پر پاس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *