جند، (آئی این ایس انڈیا) دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے اتوار کے روز ہریانہ کے جند میں منعقدہ مہا پنچایت میں ایک بڑا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی تحریک کو کامیاب بنانے کے لئے جو بھی قربانیاں دینا پڑیں گی، ہم قربانی دینے کو تیار ہیں۔ کجریوال کے مطابق اس تحریک میں 300 کسانوں ہلاک ہوئے، اگر میں اس تحریک میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹوں توپرواہ نہیں ہے۔اتوار کے روز عام آدمی پارٹی ہریانہ کی جانب سے جند میں کسان مہاپنچایت کا انعقاد کیا گیا۔ اس میں دہلی کے وزیر اعلیٰ اور پارٹی کے قومی کنوینر اروند کجریوال کو 12 بجے پہنچنا تھا، لیکن وہ قریب ڈھائی بجے پہنچے۔
کجریوال نے کہا کہ مہاپنچایت میں آنے والے لوگ بھی جام میں پھنس گئے ہیں، جام میں پھنسنے والوں سے معذرت خواہ ہوں۔ زرعی قوانین سے پورے ملک کے کسا ن کے لئے مایوس کن ہیں۔ میں پنجاب جاکر کسانوں کاشکریہ ادا کیا، آج میں شکریہ ادا کرنے ہریانہ آیا ہوں۔ پورا ملک آپ کے ساتھ ہے۔ کجریوال نے مرکزی حکومت اور ہریانہ کی منوہرلال کھٹر حکومت پر سخت ناراضگی کی۔ انہوں نے کہا کہ جب سے تینوں زرعی قوانین نافذ کیے گئے ہیں، اس وقت سے کسان پریشان ہیں۔ ہریانہ حکومت نے کسانوں پر آنسو گیس کے شیل چھوڑے، ان پر لاٹھی چارج کیا گیا،لیکن ہمارے کسانوں کی ہمت دیکھیں کہ وہ ا ن تمام چیزوں کو عبور کر کے دہلی پہنچ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ متعدد ریاستوں کے کسان دہلی بارڈر پر جاری احتجاج میں حصہ نہیں لے سکتے، وہ گھر بیٹھے نیک خواہشا ت کا اظہار کررہے ہیں کہ یہ تحریک کامیاب ہو۔کجریوال کے مطابق میری حکومت کسانوں کو مکمل مدد کررہی ہے، ہریانہ میں جہاں بی جے پی اور جے جے پی کے رہنما ؤں کولوگ گاؤں میں داخل نہیں ہونے دیتے، وہیں عام آدمی لیڈروں کااحترام کیا جارہا ہے، میں اس پر خوش ہوں۔اروند کیجریوال نے روہتک میں کسانوں پر ہونے والے لاٹھی چارج کی بھی شدید مذمت کی ہے۔