نئی دہلی (آئی این ایس انڈیا) دارالحکومت دہلی میں کورونا کی چوتھی لہر بے قابو نظر آرہی ہے۔ دہلی میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے نمایاں کیسز درج کئے گئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دہلی میں 13 ہزار 500 نئے کورونا کیسز درج ہوئے ہیں۔ دہلی میں ایک دن میں کورونا کیسز کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہاکہ 13500 نئے کیسز درج ہوئے ہیں، 65فیصد کورونا کیسز 45 سال سے کم عمر کے لوگوں میں ہیں۔ نوجوانوں سے میری اپیل ہے آپ ملک و کنبہ کے لئے بیش قیمتی ہیں۔ جب بھی آپ باہر نکلیں تو کورونا پروٹوکول پر عمل کریں۔ 45سے زائد عمر کے لوگ کورونا ویکسین ضرور لیں۔ سی ایم کیجریوال نے کہا کہ حکومت بڑھتے ہوئے کورونا کیسز پر متنبہ ہے اور ہر ضروری اقدام اٹھا رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے مرکزی حکومت سے سی بی ایس ای کے امتحانات منسوخ کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ اس لہر سے بچے بھی متاثر ہورہے ہیں۔اروند کیجریوال نے کہاکہ ہم لاک ڈاؤن مسلط نہیں کرنا چاہتے، ہماری کوشش ہے کہ ہیلتھ انفراسٹرکچرکو کنٹرول میں رکھا جائے۔ ہم بڑے پیمانے پر بستروں کی تعداد میں اضافہ کر رہے ہیں۔