
نئی دہلی (آئی این ایس انڈیا) ملک بھر میں کورونا وبا کی وجہ سے صورتحال شدید خراب ہوتی جارہی ہے۔ کورونا مریضوں کی تیزی سے بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے بہت سارے اسپتالوں میں بیڈ اور آکسیجن کی قلت نظرآررہی ہے۔ دہلی کے میکس اسپتال میں آکسیجن کی بہت کمی ہے۔ میکس نے جمعہ کے روز ٹویٹر پر آکسیجن کی ہنگامی فراہمی کے لئے اپیل کی، جس کے بعد میکس اسپتال کو اب آکسیجن کی فراہمی موصول ہوئی ہے، جو 2 گھنٹے تک چلے گی۔میکس اسپتال نے ٹویٹ کے ذریعے اس بارے میں معلومات فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں میکس ساکیت اور میکس اسمارٹ پر ایمرجنسی سپلائی موصول ہوئی ہے، جو 2 گھنٹے تک چلے گی۔ ہم ابھی بھی مزید سپلائی کا انتظار کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ میکس اسپتال نے اس سے قبل ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھاکہ ہمیں یہ کہتے ہوئے افسوس ہورہا ہے کہ جب تک آکسیجن کی فراہمی مستحکم نہیں ہوجاتی تب تک ہم دہلی این سی آر کے اپنے تمام اسپتالوں میں کوئی نیا مریض داخل نہیں کرسکیں گے۔