نئی دہلی(آئی این ایس انڈیا) دہلی میں کورونا کیسز میں مستقل اضافہ ہورہا ہے۔ انتظامیہ کی تمام کوششوں کے باوجود نئے کیسز پر قابو میں نہیں آرہا ہے۔ دہلی میں ہفتے کے دن مسلسل دوسرے دن ساڑھے تین ہزار سے زیادہ کیسزرپورٹ ہوئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3567 نئے کیسزدرج کیے گئے ہیں۔ اسی دوران 10 مریضوں کی موت ہوئی۔ دہلی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 672381 تک پہنچ گئی ہے جبکہ اموات کی مجموعی تعداد 11060 ہوگئی ہے۔دہلی کے محکمہ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کورونا کی شرح 4.48 فیصد تک جا پہنچی ہے، جو 4 دسمبر کے بعد سب سے زیادہ ہے۔ 4 دسمبر کو انفیکشن کی شرح 4.78 فیصد تھی۔ صحت یابی کی شرح 96.47 فیصد پر آ گئی ہے۔ یہ 19 دسمبر 2020 کے بعد سب سے کم ہے۔ 19 دسمبر کو یہ 96.65 فیصد تھی۔اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹوں میں 2904 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔ اب تک 648674 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ کورونا کے نئے کیسزْمیں اضافہ اور یومیہ صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد میں کمی کی وجہ سے کورونا کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔ فعال کورونا مریضوں کی تعداد 12647 تک جا پہنچی ہے۔ یہ 16 دسمبر 2020 کے بعد سب سے بڑی تعداد ہے۔ 16 دسمبر کو 13261 فعال مریض تھے۔ مریضوں کی شرح 1.88 فیصد تھی۔ 17 دسمبر کو فعال مریضوں کی شرح 1.98 فیصد تھی۔