نئی دہلی(آئی این ایس انڈیا)دہلی کے وزیراعلیٰ اروندکجریوال نے اتوارکے روزکہاہے کہ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے انفیکشن کے 10732 نئے کیسوں کے ساتھ ہی شہر میں صورتحال انتہائی سنگین ہے۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ صرف جب ضروری ہو تو گھروں سے نکلیں، ماسک لگائیں، سینیٹائزر استعمال کریں اور معاشرتی فاصلہ برقرار رکھیں۔وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ ان کی حکومت لاک ڈاؤن مسلط نہیں کرنا چاہتی۔انہوں نے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ لاک ڈاؤن کوویڈ 19 سے نمٹنے کاحل نہیں ہے۔ لاک ڈاؤن صرف اسی صورت میں نافذ کیا جانا چاہیے جب اسپتال میں انتظام نہ ہو۔انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا ہے کہ اسپتال میں سنگین مریضوں کے لیے بستروں کو خالی رکھا جانا چاہیے۔ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ تمام لوگ اسپتال پہنچ جائیں اور کوئی بستر خالی نہ رہے اور پھر لاک ڈاؤن نافذ کردیا جائے۔کجریوال نے تمام سیاسی جماعتوں سے کہا کہ وہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مل کر کام کریں۔انہوں نے کہاہے کہ یہ وقت نہیں ہے کہ سیاست کریں یاایک دوسرے پرالزام لگائیں۔