پٹنہ (آئی این ایس انڈیا)بہار میں کرونا انفیکشن کی تعداد 4049 ہوگئی۔ منگل کے روز 104 مشتبہ افراد کے مثبت ہونے کی رپورٹ آئی ہے۔ ریاست میں اب تک 23 کورونا مریضوں کی موت ہوچکی ہے۔ وہیں 1741 مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔انلاک 1 کے پہلے روز پیر کو 138 نئے پازیٹیو سامنے آگئے۔پیر کے روز ریکارڈ 221 افراد صحت یاب ہوکرگھرلوٹ چکے ہیں۔ بہار میں متاثرہ افراد میں اوسطا ًتارکین وطن کی تعداد 71 فیصد کے لگ بھگ ہے۔ 3 مئی کے بعد آنے والے تارکین وطن میں سے 2743 متاثر ہوئے ہیں۔خیال رہے کہ ماسک اب ریاستی حکومت کے دفاتر کے ڈریس کوڈ میں شامل ہوگیا ہے۔ حکومت نے تمام دفتری کارکنوں اور عہدیداروں کے لئے ماسک کے استعمال کو لازمی قرار دے دیا ہے۔ ملازمین اور افسران دفتر میں آمنے سامنے بھی نہیں بیٹھیں گے۔ محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن نے انلاک 1 کے دوران ریاست کے تمام سرکاری ملازمین اور عہدیداروں کے لئے ایک نئے 18 نکاتی ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔ محکموں کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے زیادہ سے زیادہ میٹنگ کا حکم دیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت نے ملازمین کی موجودگی سے متعلق اپنا پرانا حکم بھی واپس لے لیا ہے۔