نئی دہلی(آئی این ایس انڈیا) اسمبلی انتخابات سے قبل آسام میں بی جے پی کو دھچکا لگا ہے۔ بوڈولینڈ پیپلز فرنٹ (بی پی ایف) نے بی جے پی کو چھوڑ کر کانگریس کے زیرقیادت اتحاد میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔اس کا اعلان کرتے ہوئے بی پی ایف کے صدر ہاگرما موہلاری نے کہا کہ بی پی ایف اب بی جے پی کے ساتھ نہیں ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کے ذریعے اس فیصلے سے آگاہ کیا۔امن، اتحاد اور ترقی کے لئے کام کرنے کے لئے بوڈولینڈ پیپلز فرنٹ (بی پی ایف) نے آئندہ آسام اسمبلی انتخابات میں ’مہاجاتھ‘ کے ساتھ ہاتھ ملانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب ہم بی جے پی کے ساتھ دوستی یا اتحاد برقرار نہیں رکھیں گے۔2005 میں تشکیل پائی بی پی ایف نے گذشتہ اسمبلی انتخابات میں ریاست کی 126 میں سے 12 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔ بی پی ایف بعد میں بی جے پی کے زیرقیادت اتحاد میں شامل ہوگیا۔