اب سیاسی پچ پرنئی اننگ کاآغازکریں گے اشوک ڈنڈا

ashok-dinda

کولکاتہ (آئی این ایس انڈیا) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق بالر اور فرسٹ کلاس کرکٹ میچوں میں اپنی باؤلنگ سے تباہی مچا دینے والے اشوک ڈنڈا اب سیاسی اننگ کھیلیں گے۔ سابق کرکٹر اشوک ڈنڈا جلد ہی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی طرف سے مغربی بنگال کی سیاست میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ ڈنڈا نے حال ہی میں کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کیا تھا۔ ریٹائرمنٹ کے بعد ڈنڈا نے بی سی سی آئی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں نے کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔اشوک ڈنڈا نے ہندوستان کے لئے 13 ون ڈے میچ میں 12 وکٹیں حاصل کی۔ ساتھ ہی وہ 9 ٹی 20 میچوں میں 17 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ اگر ہم فرسٹ کلاس کرکٹ میچ کے بارے میں بات کریں تو ڈنڈا نے حیرت انگیز بولنگ کی۔ڈنڈا 116 میچوں میں اپنی قہربرپاتی گیندوں سے 420 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ ڈنڈا نے بنگال کے لئے اپنی فرسٹ کلاس کرکٹ کا بیشتر کھیل کھیلا ہے۔ اس کے علاوہ ڈنڈا دہلی ڈیئر ڈیولز، کولکاتہ نائٹ رائیڈرس، پونے واریئرس، رائزنگ پونے سپرجینٹس اور رائل چیلنجرس بنگلور کے لئے آئی پی ایل کا حصہ رہ چکے ہیں۔ڈنڈا سے قبل سابق کرکٹر منوج تیواری حکمران ترنمول کانگریس میں شامل ہوئے تھے۔ ٹی ایم سی میں شمولیت کے بعد منوج تیواری نے ٹویٹ کیا ہے اور لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کی حمایت کریں۔منوج تیواری نے ٹویٹر پر لکھا ہے کہ آج سے ایک نیا سفر شروع ہوتا ہے۔ آپ کی محبت اور تعاون کی ضرورت ہے۔منوج تیواری نے سیاست کے لئے اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی بنایا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.