نئی دہلی (آئی این ایس انڈیا) دہلی کے سی ایم اروند کجریوال کے کورونا ٹیسٹنگ کی رپورٹ منفی آئی ہے۔ اروندکجریوال کوکورونا نہیں ہے، کل ہی ایسی خبریں آئیں تھیں کہ اروند کجریوال کی طبیعت خراب ہے اور انھیں کورونا وائرس ہونے کا شبہ ہے۔ آج صبح وزیر اعلی اروند کجریوال نے اپنا نمونہ جانچ کے لئے دیا اور صبح دیا گیا یہ نمونہ تفتیش کے لئے بھیجا گیا تھا۔اب اس کی رپورٹ آچکی ہے اور یہ بات واضح ہے کہ اروند کجریوال کورونا وائرس سے متاثر نہیں ہیں۔ بتادیں کہ وزیر اعلی نے پہلے ہی خود کو تمام سرکاری پروگراموں اور جلسوں سے الگ کرلیا تھا۔دہلی کے وزیر اعلی اروندکجریوال نے گلے کی سوزش اور بخار کی شکایت کے بعد یہ ٹیسٹ کیا۔ آج شام تحقیقاتی رپورٹ متوقع تھی جو پہلے ہی آچکی ہے۔ ہلکے بخار اور گلے کی سوزش کے بعد وزیر اعلی نے خود کو تنہائی میں ڈال لیا تھا۔ اروند کجریوال اتوار کی سہ پہر سے کسی بھی میٹنگ میں شرکت نہیں کررہے ہیں۔
51 سالہ وزیراعلیٰ بھی ذیابیطس میں مبتلا ہیں اور وہ اتوار کی سہ پہر سے تکلیف محسوس کررہے تھے۔ اتوار کی صبح وزیر اعلی نے اپنی سرکاری رہائش گاہ پر کابینہ کا اجلاس منعقد کیا، جس میں سسودیا، وزیر ماحولیات گوپال رائے، وزیر صحت ستیندر جین سمیت متعدد وزراء نے حصہ لیا۔ اس میٹنگ میں چیف سکریٹری وجے دیو بھی موجود تھے۔ کابینہ کے اجلاس کے بعد کجریوال نے اپنے تمام سرکاری پروگرام منسوخ کردئے۔