منسوخ کئے جائیں سی بی ایس ای کے امتحانات
نئی دہلی (آئی این ایس انڈیا)دہلی میں کورونا بحران کے درمیان منگل کو وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ایک بار پھر ڈیجیٹل پریس کانفرنس کی۔ موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بار کورونا لہر انتہائی خطرناک ہے۔ اس لہر میں نوجوان اور بچے زیادہ متاثر ہورہے ہیں۔ اس بار 65 فیصد مریضوں کی عمر 45 سال سے کم ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپیل کی کہ جب بھی آپ گھر سے نکلیں تو آپ کورونا کے ہدایات پر عمل کریں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں 24 گھنٹے کورونا ویکسین فراہم کی جارہی ہیں۔ لہٰذا اگر آپ کی عمر 45 سال سے زیادہ ہے تو کورونا ویکسین ضرور لیں۔ سی ایم کیجریوال نے سی بی ایس ای بورڈ کے امتحانات منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دہلی کے 6 لاکھ بچے سی بی ایس ای کے امتحانات میں بیٹھیں گے۔ اس میں تقریباًایک لاکھ اساتذہ شامل ہوں گے۔ اس سے بڑے پیمانے پر کورونا پھیل سکتا ہے۔ لہٰذا میں مرکزی حکومت سے اپیل کروں گا کہ وہ سی بی ایس ای کے امتحانات منسوخ کریں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ اور طریقہ نکالا جائے یا داخلی تشخیص کی بنیاد پر بچوں کو پاس کیا جائے لیکن سی بی ایس ای امتحانات کو منسوخ کرنا بہت ضروری ہے۔ بہت سے ممالک نے اپنے امتحانات منسوخ کردیئے ہیں، بہت سی ریاستی حکومتوں نے اپنے بورڈ امتحانات منسوخ کردیئے ہیں، لہٰذا سی بی ایس ای کے امتحانات منسوخ کردیئے جائیں۔