نوجوان اسلحہ پھینک کرکے حقوق کی حصولیابی کیلئے جمہوری طریقہئ کار اختیار کریں
سری نگر (آئی این ایس انڈیا) پی ڈی پی صدر اورریاست کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کشمیر ی نوجوانوں سے اسلحہ چھوڑ کر جمہوری طریقہ کار اختیار کرکے اپنے حقوق کے لئے لڑنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ جموں وکشمیر کے لوگ اسلحہ اٹھائیں،تاکہ ہم دنیا کو بتا سکیں یہ’دہشت گرد‘ ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلز الائنس برائے گپکار اعلامیہ ابھی بھی صحیح و سالم ہے اور اس کا بڑا مقصد دفعہ 370 کی بحالی کے لئے جنگ ہے۔ محبوبہ مفتی نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز یہاں ایک تقریب کے الگ نامہ نگاروں کے ساتھ دورانِ گفتگو کی۔محبوبہ مفتی کے مطابق شاید کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ جموں وکشمیر کے نوجوان اسلحہ اٹھائیں، تاکہ وہ پوری دنیا کو یہ بتاسکیں کہ یہ دہشت گرد ہیں اور ان کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ان کامزید کہنا تھا کہ میں بار بار نوجوانوں سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ اسلحوں کے ذریعہ اپنی جان نہ گنوائیں، بلکہ حقوق کی حصولیابی کے لئے جمہوری طریقہئ کار اختیار کریں۔ ایک دن ایسا بھی آئے گا کہ جب ہندوستان اور پاکستان کو مسئلہ کشمیر کا حل تلاش کرنا ہوگا۔ پیپلز الائنس برائے گپکار اعلامیہ کے بارے میں پوچھے جانے پرانہوں نے کہا کہ پی اے جی ڈی کا مقصد دفعہ 370 بحال کرنے کے لئے کوششیں کرنا ہے، فاروق صاحب کی طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے میٹنگ نہیں ہو رہی ہے۔ پی اے جی ڈی ابھی صحیح و سالم ہے، کیونکہ لوگ اس کے ساتھ ہیں۔