پٹنہ(آئی این ایس انڈیا) بہاراسمبلی انتخابات میں چار ماہ باقی ہیں اورکورونابحران سے پوراملک پریشان ہے،مزدوروں کی نقل مکانی کے بعدکیسزتیزی سے بڑھے ہیں،مزدوروں کی صورت حال پرصرف لکچردیے جارہے ہیں۔ بہارکی صورت حال بھی بدترہے۔لیکن بی جے پی اورجدیوانتخابی تیاریوں میں لگ گئی ہیں۔مزدوروں کی واپسی پربہارحکومت نے جلدروزگارکے وعدے کیے تھے لیکن ایک ماہ گزرنے کے بعدبھی اب تک صورت حال جوں کی توں ہے۔پریشان حال مزدورمجبوری میں وطن سے واپسی کررہے ہیں۔اطلاع ہے کہ قرنطینہ مراکزبندکیے جارہے ہیں اوراب اسٹیشن پراسکریننگ بھی نہیں ہوگی یعنی لوگوں کواپنے حال پرچھوڑکربہارکی حکمراں جماعت اب الیکشن میں لگ گئی ہے۔جے ڈی یو مشن 2020 کے لیے تیارہے۔ وزیراعلیٰ نتیش کمارویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے پارٹی رہنماؤں سے مستقل رائے لے رہے ہیں۔ نتیش کمارنے 5 اضلاع کے کارکنوں سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ مظفر پور،سارن،سیوان،ویشالی اورگوپال گنج کے کارکنان ویڈیوکانفرنسنگ کے ذریعے منسلک ہوئے۔میٹنگ میں وزیراعلیٰ نے کارکنوں سے کہاہے کہ 15 سال بمقابلہ 15 سال کے کام کو عوام کے مابین لاناہوگا۔لوگوں کو بتانا ہے کہ ہم نے 15 سالوں میں بہارمیں کتنا کام کیا ہے اور ریاست کتنی تیزی سے ترقی کررہی ہے۔ انھوں نے یہ نہیں بتایاکہ ریاست کے دارالحکومت میں ہی آبی جماؤسے براحال ہوجاتاہے۔اس سال کانظارہ سب نے دیکھاہے،چمکی بخاراورکوروناسے لڑنے میں بری طرح ناکامی پرسے بھی پردہ پوشی کی کوشش کی جائے گی۔
نتیش کمارنے کہاہے کہ عوام کو خوف بمقابلہ اعتمادکاپیغام دینا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کارکنوں سے کہاہے کہ وہ پوری طاقت کے ساتھ انتخابات کی تیاری کریں اور لوگوں کو راضی کریں کہ این ڈی اے حکومت بہار کو مضبوطی سے آگے بڑھا رہی ہے۔اس سے قبل وزیراعلیٰ نے مسلسل دو دن 13 اضلاع کے رہنماؤں سے بات چیت کی ہے۔ نتیش کاکہنا ہے کہ ہم کام کرتے ہیں، لہٰذاووٹوں کی فکر نہ کریں۔ ہم ہمیشہ ریاست کے عوام کے مفاد میں سوچتے ہیں اوریہاں کے ہر آدمی کی دیکھ بھال کرتے ہیں۔ ہماری ترجیح یہ ہے کہ کوویڈ۔19 جیسی تباہی کے وقت لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کی جائے۔ ہمارا کام کرنے کا طریقہ نہ تو ذات پات پر مبنی ہے اورنہ ہی کسی مسلک پر۔ ہم معاشرے کے تمام طبقات کے لیے یکساں طور پر کام کرتے ہیں۔